لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ قائداعظم کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اس کی سب سے بڑی مثال ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے دلچسپی لے رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار چودھری شجاعت حسین سے سینئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب چودھری سلیم بریار، ، سابق ایم پی اے آمنہ الفت اور نعیم طاہر سے ملاقات میں کیا۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری سلیم بریار نے اپنے دورہ امریکہ اور لندن کی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں جو بیرون ملک سے زرمبادلہ پاکستان بھیج کر ملک کی اہم خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ملک ہے پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد اس کی سب سے بڑی مثال ہے، غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالہ سے دلچسپی لے رہی ہیں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں۔ ہماری فوج اور عوام نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن عزیز کو محفوظ ملک بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا سبز ہلالی پرچم امن کی نشانی بن چکا ہے۔ ملک میں امن وامان قائم کرنے میں پاک فوج، اداروں اور عوام نے اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے، آج کا پاکستان پہلے سے بہت محفوظ ہے۔