لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت سندھ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تبادلہ خیال کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ پی ایس ایل 2020ء کے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں آئندہ پانچوں میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے میں بھی مقامی انتظامیہ کی رہنمائی حاصل کی ہے، اس پس منظر میں پی سی بی مقامی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ اراء اور تعاون کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے مقامی انتظامیہ کو یقین دلایا ہے کہ وہ اپنے کمرشل پارٹنز کے ساتھ مل کر تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ اب کراچی میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد میں آمد کا منتظر ہے، نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول پانچ میچز میں چھ میں سے پانچ ٹیمیں ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کی جنگ لڑیں گی۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت تیزی سے جاری ہے، ایونٹ کے لیے ٹیکٹیں ٹی سی ایس کے مخصوص سینٹرز سمیت آن لائن ذرائع سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔
اس دوران نیشنل سٹیڈیم کراچی کا رخ کرنے والے تماشائیوں کے لیے کمشنر آفس کراچی کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری مندرجہ ذیل ہے۔
صابن سے ہاتھ دھوئیں، کھانسی یا چھینک آنے کے بعد سینیٹائرز کا استعمال کریں، کھانے سے پہلے، بعد میں اور ٹائلٹ کے استعمال کے بعد صابن کا استعمال کریں۔
چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں، استعمال کے بعد ٹشو پیپر یا رومال کو کوڑا دامن میں ضرور ڈالیں، نزلہ اور زکام کی علامات کے دوران سٹیڈیم آنے سے اجتناب کریں۔
ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے لگنے سے اجتناب کریں، کھانسی اور بخار میں مبتلا افراد سے رابطہ محدود رکھیں۔
غیر ضروری طور پر کرسیوں، اسٹیل بار اور ریلینگز کو ہاتھ لگانے سے اجتناب کریں، سٹیڈیم میں تھوکنے، پانی، خوراک اور خالی بوتلیں پھینکنے سے اجتناب کریں۔
کراچی میں شیڈول آئندہ میچز
12 مارچ کو کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندرز کے ساتھ ہو گا، 13 مارچ کو پشاور زلمی ملتان سلطانز کیساتھ ٹکرائے گی۔ 14 مارچ کو کراچی کنگز کا ٹاکرا اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہو گا۔
15 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی کنگز کا سامنا کرے گی جبکہ 17 مارچ کو کوالیفائرز (ون بمقابلہ ٹو) ہو گا۔