لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل میں آج بھی ایک ہی میچ شیڈول ہے، ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کا نمبر سکس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ ہو گا، کرکٹ کے دوران بارش کی آنکھ مچولی کا امکان ہے۔ دفاعی چیمپئنز نے کم بیک کرنے کا عزم ظاہر کر دیا، نوجوان بلے باز اعظم خان نے بہترین کارکردگی پر نظریں جما لیں۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک اور تگڑا مقابلہ، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ لیگ فائیو کا پچیسواں میچ بھی شام سات بجے ہی ہو گا۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے برسات کی اطلاعات، بارش سے کرکٹ کا مزہ کرکرا ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب کھلاڑیوں کی تیاریاں مکمل ہیں۔ چھکے چوکوں کی بہار، وکٹیں گریں گی لگاتار، کرکٹ دیوانے بے قرار ہیں۔ گیارہ پوائنٹ پلے آف میں سب سے پہلے کوالیفائی کرنے کا مان اور رواں سیزن کی جیت سے سلطانز کو نفسیاتی برتری حاصل ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دفاعی چیمپئن ہونے کا اعتماد ہے، ابھرتے ہوئے بلے باز اعظم خان کہتے ہیں کہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ ٹیموں اور کھلاڑیوں کے دعووں نے میچ کو توجہ کا مرکز بنا دیا جس کے سبھی منتظر ہیں۔