لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے تیسرے اور فیصلہ کن مرحلے کے دوران لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو اعصاب شکن میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ڈیوڈ وائز نے اعصاب شکن میچ میں آخری گیند پر چھکا لگا کر قلندرز کو فتح دلوائی۔ فتح کے بعد سہیل اختر الیون رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ فخرزمان مین آف دی میچ قرار پائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے 24 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے حریف ٹیم پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
قبل پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ٹام یبنٹن نے کیا۔
پشاور زلمی کا آغاز اچھا نہ تھا، جب ٹام بینٹن پہلے اوور کی دوسری گیند پر شاہین آفریدی کا نشانہ بن گئے، محمد حفیظ نے کیچ تھاما۔ دوسرے اوور میں سمت پٹیل کی گیند پر لیونگسٹون جلد بازی میں وکٹ گنوا بیٹھے، 5 پانچ گیندوں پر چار رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کامران اکمل 12 رنز بنا کر باہر جاتی کو چھیڑ بیٹھے، سمت پٹیل کی گیند پر حارث رؤف نے کیچ پکڑا۔
شعیب ملک آئوٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جنہوں نے شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی گریگوری کچھ دیر ہی وکٹ پر ٹھہر سکے اور صرف آٹھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پشاور زلمی کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے۔ اس نوجوان بلے باز نے بھی انتہائی ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 69 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کریز پر آنے والے زلمی کے کپتان وہاب ریاض خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف ایک رن بنا کر بولڈ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے تین، سمت پٹیل نےدو جبکہ دلبر حسین اور ڈیوڈ وائز نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
188 رنز ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے کیا۔
دونوں اوپنرز کی طرف سے پر اعتماد اننگز کا آغاز کیا۔ 50 کے مجموعی سکور پر کپتان سہیل اختر 19 گیندوں پر 21 رنز بنا کر حیدر علی کی تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔
ون ڈاؤن پر بیٹنگ کرنے کے لیے آنے والے کرس لین نے فخر زمان کے ساتھ مل کر وکٹ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے اور پشاور زلمی کے باؤلرز کو بے بس کر دیا۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرس لین نے 32 گیندوں پر 59 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ بریتھویٹ کی گیند پر یاسر شاہ نے شاندار کیچ تھاما۔
اوپنر فخر زمان 46 گیندوں پر 63 رنز بنا کر وہاب ریاض کا نشانہ بن گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اس بار بھی کیچ یاسر شاہ نے پکڑا۔
محمد حفیظ 4 گیندوں پر 4 رنز بنا کر بریتھویٹ کو وکٹ دے بیٹھے، گریگورے نے آسان کیچ پکڑا۔ بین ڈنک 7 رنز بنا کر بریتھویٹ کا نشانہ بن گئے۔
David Wiese just stole the headlines! A match-winning knock from him yet again. #DamaDamMast #MainHoonQalandar #DilSe #HBLPSL #LQvPZ pic.twitter.com/X33lsjVUt6
— Lahore Qalandars (@lahoreqalandars) March 10, 2020
لاہور قلندرز کی ٹیم نے ہدف آخری میں اوور حاصل کر لیا، میچ کے دوران آخری اوورز میں وائز نے شاندار چھکا مار کر ٹیم کو فتح دلوائی، ڈیوڈ وائز 17 جبکہ سمت پٹیل نے 11 رنز بنائے۔ پشاور زلمی نے بریتھویٹ نے 3 وکٹیں حاصل کی۔
نئی رینکنگ کے مطابق ملتان سلطان ایونٹ میں 11 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے، پشاورزلمی 9 پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے، لاہور قلندرز مسلسل تیسری فتح کے بعد رینکنگ میں 8 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 7پوائنٹس کیساتھ چوتھی، کراچی کنگز 7 پوائنٹس کیساتھ پانچویں جبکہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کیساتھ چھٹے نمبر پرہے۔
لاہور قلندرز سکواڈ: فخر زمان، کرس لین، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، سہیل اختر، ڈیوڈ وائز، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، دلبر حسین، معاذ خان
پشاور زلمی سکواڈ: کامران اکمل، ٹام بینٹن، لوئس گریگورے، حیدر علی، شعیب ملک، لیام لونگسٹون، کارلوس بریتھویٹ، حسن علی، وہاب ریاض، یاسر شاہ، راحت علی