پی ایس ایل 2020ء: بارش کے باعث ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ منسوخ

Last Updated On 11 March,2020 09:46 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 25 ویں میچ میں بارش نے دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، بارش کے باعث ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز اب بھی 8 میچ کھیلنے کے بعد 12 پوائنٹس کیساتھ سرفہرست ہے، پشاور زلمی 9 میچوں میں 9 پوائنٹس کیساتھ دوسرے پوزیشن پر براجمان ہے۔

رینکنگ میں لاہور قلندرز 8 میچوں میں 8 پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 9 میچز کھیل کر 7 پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

کراچی کنگز کے پاس ابھی مزید تین میچز پڑے ہوئے ہیں، عماد وسیم الیون کے 7 میچوں میں 7 پوائنٹس ہیں۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 میچز کھیل کر 7 پوائنٹس کیساتھ سب سے آخری پوزیشن پر ہے۔

پلیئرز کی انفرادی کارکردگی دیکھی جائے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 266 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہیں۔

لاہور قلندرز کے ہیرو بین ڈنک کے 257 رنز ہیں اور زیادہ سکور بنانے والوں میں دوسرے نمبر پر ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان کا تیسرا نمبر ہے۔

ایونٹ کے دوران بڑی اننگز کا اعزاز ابھی تک کامران اکمل کے پاس ہے، پشاور زلمی کے بیٹسمین نے ایک سو ایک رنز بنائے ہیں جبکہ دوسری سنچری ملتان سلطانز کے ریلی روسو کی ہے ، انہوں نے 44 گیندوں پر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی تیز ترین تھری فیگر اننگز کھیلی۔ یہ باری پلیئر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف کھیلی تھی۔
 

Advertisement