لاہور: (دنیا نیوز) گزشتہ روز لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مابین کھیلے گئے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خالف ورزی کرنے پر لاہور قلندرز کے دلبر حسین پر جرمانہ عائد کر دیا گیا، انہیں میچ فیس کا 2 فیصد بطور جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔ سلو اوور ریٹ کے باعث پشاور زلمی پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ضابطہ اخلاق میں شامل یہ شق بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب زبان، اشارے یا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اشتعال دلانے سے متعلق ہے۔ مذکورہ واقعہ میچ کے دوران پہلی اننگز کے 18ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب دلبر نے پشاور زلمی کے حیدر علی کو آؤٹ کرنے کے بعد ایسے ردعمل کا اظہار کیا جو بلےباز کو اشتعال دلا سکتا تھا۔ اس دوران سلو اوور ریٹ کے باعث پشاور زلمی پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آن فیلڈ امپائرز علیم ڈار اور مائیکل گف، تھرڈ امپائر آصف یعقوب اور فورتھ امپائر ناصر حسین نے دلبر حسین اور پشاور زلمی کی ٹیم پر چارجز عائد کیے جس پر میچ ریفری محمد انیس نے کارروائی کرتے ہوئے جرمانے کی سزائیں سنائیں۔