لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں۔ انہیں مختلف دوستوں کی جانب سے مبارکبادوں کیساتھ ساتھ تہنیتی پیغام بھی موصول ہو رہے ہیں۔
سجل علی کی قریبی دوست زارا نور عباس نے خوشی کے اس موقع پر انسٹاگرام پر بہت دلچسپ اور پیار بھراپیغام سجل کے نام کیا ہے۔
انسٹا گرام پر کچھ یادیں شیئر کرتے ہوئے زارا نے تفصیلی نوٹ لکھ کر ساتھ گزرے وقت کی تلخ و شیریں یادوں کو تازہ کرنے کے ساتھ ساتھ نیک خواہشات کااظہارکیاہے۔ساتھ بنائی گئیں ویڈیوز اور تصاویرکو بھی شیئر کیاہے۔
اپنے پیغام میں زارا نور نے لکھا کہ ان کی اور سجل کی دوستی ایک دہائی کے طویل عرصے پر مشتمل ہے، اور اس ایک دہائی کے عرصے میں انہوں نے خوشی و غم کے لمحات ایک ساتھ گزارے۔
جلد ہی اداکار احد رضا میر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی سجل علی کے لیے زارا نے لکھا کہ میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ نوجوان و معصوم سی لڑکی ایک پروقار خاتون میں تبدیل ہو کر اپنی زندگی کے بہترین فیصلے کرنے کے قابل ہوجائے گی اور یہ سب اتنی جلدی ہوگا۔
انہوں نے اپنی بہترین دوست کیلئے دلچسپ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ میرے لئے تمہیں کسی کے ساتھ شیئر کرنا بہت مشکل ہے، اپنے شوہر کو بتادینا کہ تم پہلے میری ہی رہو گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے شاہ رخ خان اور کاجول کی معروف بالی ووڈ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا ڈائیلاگ لکھا کہ ’جا سمرن جا‘ساتھ ہی انہوں نے جلد ملنے کی نوید بھی سنائی۔
واضح رہے کہ شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی احد اور سجل کی شادی جلد ہی ہوگی، شادی کے دعوت ناموں کی تقسیم بھی شروع کردی گئی ہے لیکن شادی کی تاریخ کو ابھی منظر عام پر نہیں لایا گیا۔