دوسروں کو ہنسانے والے اداکار امان اللہ خالق حقیقی سے جا ملے، صدر،وزیراعظم کی تعزیت

Last Updated On 07 March,2020 09:04 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی سٹیج انڈسٹری کے کنگ آف کامیڈی امان اللہ 70 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سٹیج انڈسٹری کے کنگ آف کامیڈی چند روز سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ گزشتہ ماہ بھی انہیں طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا۔

معروف کامیڈین امان اللہ کا بسوں میں ٹافیاں بیچنے سے سٹیج اور پھر ٹی وی تک کا سفر اختتام کو پہنچا، پیراگون سوسائٹی میں کامیڈین امان اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

خطیب جامع مسجد علامہ محمد امجد نے امان اللہ کی نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں گورنر پنجاب چودھری سرور، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی ۔

اداکار قیصر پیا، نسیم وکی ، شاہد خان، ببورانا، خالد عباس ڈار، حامدرنگیلا، طارق ٹیڈی، امانت چن، اداکار سہیل احمد، ناصر چنیوٹی نے امان اللہ کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔

نماز جنازہ میں ارشد چودھری، منظر امین، اسرار احمد، اکرم اداس، آصف اقبال،عمران شوکی، نعمان اعجاز، کاشف نثار نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

عمران شوکی، اداکار شاہ جہان، کاشف نثار، اداکار راشد محمود، زبیر جبی، مقصود انور نے نماز جنازہ میں شرکت کی، دیگر شرکت کرنے والوں میں سجاد احمد ،شکیل چن، پرویز خان ، ڈائریکٹرسہیل ٹونی ، آصف اقبال، موسیقار خرم بھٹی، پروڈیوسر افضل بٹ، علی شیخ ،عزیزجہانگیری، ہنی البیلا، ناصرنقوی، عرفان کھوسٹ ، نعمان اعجاز سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے معروف کامیڈین امان اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ عمران خان نے مرحوم کے درجات کی بلندی، لواحقین کے صبر کی دعا کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا مرحوم امان اللہ سٹیج، مزاحیہ اداکاری اور ڈرامہ انڈسٹری کا قیمتی اثاثہ تھے۔

دریں اثناء صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف اداکار امان اللہ خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، صدر نے مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ‏ امان اللہ خان مرحوم کی مزاح اور اداکاری کے شعبے میں خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے بھی نامور اداکار و کامیڈین امان اللہ خان کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مرحوم امان اللہ خان زندہ دل شخصیت کے مالک اور بہترین انسان تھے، انہوں نے پاکستان میں تھیٹر اور فنِ مزاح کو نئی جہتیں دیں، ہمیشہ یاد رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دعاگو ہوں اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

اس سے قبل نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے معروف کامیڈین امان اللہ کو قبر کی جگہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔

وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان قبر کی جگہ دلوانے قبرستان پہنچ گئے، فیاض الحسن چوہان سے سوسائٹی ملازمین کی تکرار بھی ہوئی جبکہ صوبائی وزیر نے نگرانی میں کامیڈین امان اللہ کی قبر تیار کروائی اور احکامات جاری کئے۔

واضح رہے کہ کنگ آف کامیڈی امان اللہ طویل عرصہ دنیا نیوز سے وابستہ رہے، ان کے معروف سٹیج ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا شامل ہیں، امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور نامعلوم افراد میں بھی جوہر دکھائے، ان کو 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

خیال رہے کہ امان اللہ 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ پاکستانی سٹیج کے ایک مشہور و معروف مزاحیہ اداکار ہیں جو سٹیج کے سب سے پرانے اداکاروں میں سے ایک تھے۔