کرونا وائرس کا خوف، آئیفا ایوارڈ تقریب منسوخ

Last Updated On 06 March,2020 05:31 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے دنیا بھر میں اپنے پنجھے گاڑھے ہوئے ہیں، اس مہلک بیماری کے باعث 3 ہزار سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، اس بیماری کے باعث عالمی سطح پر مختلف تقاریب منسوخ ہو رہی ہیں وہیں پر آئیفا ایوارڈ کی تقریب کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر دنیا بھر میں سینما گھروں میں بھی فلموں کی نمائش کمی کی گئی ہے جبکہ لوگ بھی گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔ کرونا کی وجہ سے نہ صرف فلموں کی نمائش کو منسوخ کیا گیا ہے بلکہ کئی ممالک میں سکولز و یونیورسٹیز کو بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی چند ممالک میں عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے بھی تاریخ میں پہلی بار کسی بیماری کی وجہ سے عمرے پر عارضی پابندی عائد کی ہے۔ ایران میں بھی نماز جمعہ کے اجتماعات پر عارضی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹیں بھی سخت مندی کا شکار ہیں۔

دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کا دعویٰ کرنے والے ملک بھارت میں بڑے فلمی ایوارڈز میں شمار ہونے والے فلم ایوارڈ کو بھی کرونا کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا۔

’انٹرنیشنل انڈین فلم فیسٹیول اکیڈمی ایوارڈز‘ (آئیفا) کی سالانہ ایوارڈ تقریب بھی کرونا وائرس کے خوف کی وجہ سے منسوخ کردی گئی۔

بھارتی میڈیا’ہندوستان ٹائمز‘ نے رپورٹ میں بتایا کہ ملک میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے فلم ایوارڈ کی انتظامیہ نے تقریب کو منسوخ کردیا۔

رپورٹ کے مطابق آئیفا فلم فیسٹیول کی سالانہ تقریب رواں ماہ کے آخر میں ریاست مدھیاپردیش میں ہونا تھی تاہم اب اسے منسوخ کردیا گیا اور تاحال ایوارڈ تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

آئیفا ایوارڈز کی تقریب رواں ماہ کے آخر میں 27 سے 29 مارچ تک ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں ہونا تھی، تاہم اب اسے منسوخ کردیا گیا اور جلد ہی تقریب کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ آئیفا ایوارڈ کی سالانہ تقریب اب رواں برس کے آخر میں کیے جانے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
 

Advertisement