کرونا وائرس کے معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے: اعجاز شاہ

Last Updated On 06 March,2020 03:27 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کرونا وائرس کے معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے، پاکستان کی پوزیشن وائرس کو کنٹرول کرنے میں دوسرے ملکوں سے بہتر ہے۔

کوئٹہ کے سول سیکرٹریٹ میں چیف سیکرٹری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے ملاقات کرنے آیا ہوں، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کو تعاون کی پیشکش کی ہے۔

اعجاز شاہ نے کہا کہ جو اقدامات کئے جانے ہیں وہ وفاق اور صوبائی حکومت کر رہی ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے جن چیزوں کی درخواست کی گئی ہے، اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، کرونا وائرس ایک وباء ہے، اس سے متعلق آگاہی کی ضرورت ہے، اگر کھانسی، نزلہ یا زکام کی شکایت ہوں تو فوری ٹیسٹ کروائیں، ضروری نہیں کہ وائرس لگ جانے کے لئے ایران یا چین کا دورہ کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاک ایران سرحد پر اس وقت واپس آنے والے زائرین کی تعداد 3 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب سے پو چھیں کس نے ان سے وعدہ کیا ہے۔
 

Advertisement