اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے وفاق صوبے اور تمام ادارے مکمل تیار ہیں، اب تک 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد مسافروں کی سکریننگ کی جا چکی ہے اور ملک بھر میں فی الحال کرونا وائرس کے صرف 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں قومی ادارہ صحت کے سربراہ، وفاقی سیکرٹری صحت، پاک فوج کے نمائندوں اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجود صورتحال میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ سب کو مل کر عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا، 4 مارچ کو 21 ہزار 360 مسافروں کی سکریننگ ہوئی۔
دریں اثناء سماجی رابطے رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ہر کسی کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں ہے، جن لوگوں کو کرونا وائرس کی بیماری ہو ان کو ماسک پہننے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹرز اور دوسرا صحت کا عملہ جو کرونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا ہو ان کو ماسک پہننے کی ضرورت ہے، تيسرے وہ لوگ جنہیں سخت کھانسی یا نزلہ زکام لگا ہو وہ بھی ماسک پہنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت پاکستان کی جاری کردہ ہدایات ہیں۔