سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کی ملاقات، کرونا وائرس کے تدارک پر گفتگو

Last Updated On 06 March,2020 04:37 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں کرونا وائرس کی روک تھام اور تدارک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے اعلیٰ نے کرونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے لیے اپنے اپنے صوبے میں جاری اقدامات سے متعلق آگاہی دی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کرونا وائرس کی روک تھام اور تدارک قومی مسئلہ ہے جس سے مل کر نمٹا جائے گا۔ بلوچستان اور سندھ زائرین سے متعلق معلومات کا تبادلہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سید مراد علی شاہ کو بتایا کہ ایران سے آنے والے زائرین کو تفتان بارڈر پر 14 دن قرنطینہ میں رکھا جا رہا ہے۔ تفتان میں زائرین کی سکریننگ اور انہیں تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ملاقات میں سندھ کے زائرین کی ان کے علاقوں میں واپسی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی اور اتفاق کیا گیا کہ زائرین کی سندھ واپسی کے عمل میں دونوں صوبوں کے متعلقہ حکام کوارڈینیشن کرینگے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایران اور چین سے گزشتہ دنوں سندھ واپس آنے والے 23 سو افراد کی نشاندہی کرکے ان سے رابطہ کیا گیا ہے۔ ان افراد میں کھانسی، بخار اور دیگر علامات کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تفتان میں زائرین کی دیکھ بھال اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے بلوچستان حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ کراچی میں بھی ایک نو تعمیر شدہ 140 بستروں کے ہسپتال کو آئسولیشن سینٹر میں تبدیل کیا گیا ہے۔