کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا، ملک بھر میں تعداد 6 ہو گئی

Last Updated On 05 March,2020 09:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد صوبہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے نئے مریض کی عمر 69 سال ہے، اس شخص کا تعلق ڈسٹرکٹ شرقی سے ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا چھٹا مریض سامنے آ گیا ہے۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ سندھ میں مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔  

واضح رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کاکہنا تھا کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پانچ ہے، 5 مشتبہ مریضوں کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال نہیں کہ کہہ دیں سکول بند کر دیئے جائیں، تاہم صوبائی حکومتیں اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں۔

معاون خصوصی برائے صحت نے راولپنڈی میڈیکل کالج میں بیماریوں سے بچاؤ سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں غربت کی لکیر میں نیچے رہنے والے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر رہے ہیں، 75 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرچکے ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت کے مسائل پر بات کروں تو آپ پریشان ہو جائیں گے، غریب شخص پرائیویٹ طبی سہولیات سے مستفید نہیں ہو سکتا، ہمیں موجودہ رفتار سے آبادی کی شرح کے مطابق ڈاکٹر بنانے میں سو سال لگیں گے، اس کے لئے حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا وفاق، صوبے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ ہیں۔ انہوں نے ملک میں کورونا وائرس کے ڈھائی سو مریضوں کی اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ کرونا سے پریشان نہ ہوں بلکہ متاثرہ ممالک کے دورہ سے وطن پہنچنے والے پرہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔

مشیر صحت کا کہنا تھا کہ ووہان میں ایک ہزار 94 پاکستانی طلبا موجود ہیں، چین سے اجازت ملتے ہی ان طلبہ کی وطن واپسی یقینی ہوگی۔
 

Advertisement