لاہور: (ویب ڈیسک) چین سے پھیلنے والے کرونا وائرس نے دنیا بھر میں خوف کا عالم پھیلایا ہوا ہے اس وقت اس بیماری کے باعث 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پر اسرار بیماری کو روکنے کے لیے دنیا بھر میں تگ و دو جاری ہیں وہیں پر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے وائرس سے متعلق گردش کرنے والی جھوٹی افواہوں کی روک تھام کے لیے مقبول ترین ایپ ٹک ٹاک استعمال کرنا شروع کردیا۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ٹک ٹک پر اپ لوڈ کی جانے والی پہلی ویڈیو میں کرونا وائرس کی روک تھام اور کنٹرول کی ٹیکنیکل سربراہ بینیڈیٹا ایلیگرینزی نے کہا کہ اپنے آپ کو اور دوسروں کو کرونا وائرس سے بچانے کے لیے ہم متعدد اقدامات کر سکتے ہیں۔
انہوں نے ٹک ٹاک ویڈیو میں کورونا وائرس کے لیے احتیاطی تدابیر کے حوالے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وائرس سے بچنے کے لیے ہاتھ دھونا، چھینکتے یا کھانستے وقت رومال کا استعمال کرنا اور ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملانا مددگار ثابت ہوسکتا ہے‘۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس سے متعلق متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی معلومات گردش کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور اسی ضمن میں عالمی ادارہ صحت بھی ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے آگاہی پھیلانے میں سرگرم ہے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا کے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک کی جانب سے بھی کرونا وائرس کے پیشِ نظر ایک احسن اقدام کیا گیا تھا۔
فیس بُک حکام کا کہنا تھا کہ ہم عالمی سطح پر اس پراسرار وائرس سے متعلق غلط معلومات اور غلط طریقہ علاج پھیلانے والی پوسٹوں کو ہٹانے کے حوالے سے قدم اٹھائیں گے۔
@who We are joining @tiktok to provide you with reliable and timely public health advice! Our first post: How to protect yourself from ##coronavirus ?
♬ original sound - who