کراچی: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے دنیا بھر میں سیاحت بری طرح متاثر ہو گئی، عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق سیاحت کے شعبے کو ماہانہ بنیاد پر 47 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔
کرونا وائرس کے پھیلاو کے باعث دنیا بھر میں سیاحوں نے اپنے سفری منصوبے منسوخ کرنا شروع کیے تو ٹریول ایجنسیوں، ہوٹلوں اور ائیرلائنز کی آمدنی میں بڑے نقصان کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق ائیرلائنز ٹکٹوں کی فروخت ایک ماہ میں 30 ارب ڈالر کم ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ سیاحت میں کمی سے 14 ممالک کو نقصان ہوگا۔ ان ممالک میں فلپائن، تھائی لینڈ، یونان، پرتگال، نیوزی لینڈ، ترکی، مصر، ہانک کانگ، میکسیکو اور آسٹریا، اسپین، اٹلی، ملیشیا، اور چین شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے چین میں 85 فیصد ہوٹل خالی پڑے ہیں، اس کے علاہ ہانگ کانگ میں 74 فیصد، سنگاپور میں 49 فیصد، ساوتھ کوریا میں 34 اور تھائی لینڈ میں 31 فیصد ہوٹلز خالی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 11 ستمبر 2001 میں امریکا میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے، سارس وائرس اور عراق جنگ کے بعد ہونے والا یہ سب سے بڑا نقصان ہوگا۔