اسلام آباد: (دنیا نیوز) ظفر مرزا نے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے 5 مشتبہ مریضوں کی حالت بہتر ہو رہی ہے، ایسی صورتحال نہیں کہ کہہ دیں سکول بند کر دیئے جائیں، تاہم صوبائی حکومتیں اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے راولپنڈی میڈیکل کالج میں بیماریوں سے بچاؤ سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غربت کی لکیر میں نیچے رہنے والے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر رہے ہیں، 75 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرچکے ہیں، شعبہ صحت کے مسائل پر بات کروں تو آپ پریشان ہو جائیں گے، غریب شخص پرائیوٹ طبی سہولیات سے مستفید نہیں ہو سکتا، ہمیں موجودہ رفتار سے آبادی کی شرح کے مطابق ڈاکٹر بنانے میں سو سال لگیں گے، اس کے لئے حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
بعدازں میڈیا سے گفتگو میں ظفر مرزا کا کہنا تھا وفاق، صوبے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ ہیں۔ انہوں نے ملک میں کورونا وائرس کے ڈھائی سو مریضوں کی اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ کورونا سے پریشان نہ ہوں بلکہ متاثرہ ممالک کے دورہ سے وطن پہنچنے والے پرہجوم جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ ظفر مرزا نے بتایا کہ ووہان میں ایک ہزار 94 پاکستانی طلبا موجود ہیں، چین سے اجازت ملتے ہی ان طلبہ کی وطن واپسی یقینی ہوگی۔