کرونا کا خدشہ: سعودی عرب نےعمرہ زائرین پر پابندی میں 31 مارچ تک توسیع کر دی

Last Updated On 04 March,2020 12:27 pm

ریاض: (دنیا نیوز) کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین پر پابندی میں 31 مارچ تک توسیع کر دی، عالمی بینک نے جان لیوا وائرس سے نمٹنے کیلئے 12 ارب ڈالر پیکج کا اعلان کر دیا۔

دوسری جانب کرونا نے 80 ممالک میں پنجے گاڑ لیے، چین میں مزید 38 افراد ہلاکت کے بعد مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 981 ہو گئی۔ جنوبی کوریا میں 142 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد 5 ہزار 328 ہو گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 32 تک جا پہنچی، دنیا بھر میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 168 ہو چکی ہے، 92 ہزار 883 افراد بیمار پڑے ہیں۔

ایران میں کرونا وائرس سے77 افراد ہلاک، 23 اراکین پارلیمنٹ سمیت2 ہزار 300 بیمار ہو گئے۔ وائرس کے پیش نظر 3 لاکھ فوجیوں کی خدمات طلب کر لی گئیں۔ ایران نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اپنی جیلوں سے 54 ہزار سے زائد قیدیوں کو ضمانت پر رہا کر دیا۔

امریکی ریاست واشنگٹن میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 9 ہو گئی۔ برطانیہ میں مزید 12 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ ارجنٹینا میں کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہو گئی، اسپین میں وائرس سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے شبہ میں پڑوس میں پوری فیملی کو طبی عملے کی جانب سے ایمبولینس میں لے جایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا کے ایک پیغام میں جمائما کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے متعلق وہ خود پریشان نہیں ہیں البتہ بیٹے کو تشویش ہوگئی تھی مگر اب اس نے بھی مان لیا ہے کہ اس میں ایسی کوئی علامت نہیں ہے۔
 

Advertisement