کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کا شکار پہلا مریض مکمل صحت یاب ہو گیا ہے جسے ہسپتال سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
کرونا وائرس سے متاثرہ مریض صوبہ سندھ کا رہائشی ہے۔ اس کے چیک اپ پر مامور ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نوجوان یحییٰ جعفری اب مکمل صحتیاب ہو چکا ہے، اسے ہفتے کو ہسپتال سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس سے متاثرہ نوجوان اور اس کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری بڑی کامیابی ہے، میں پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آ گیا، ملک بھر میں تعداد 6 ہو گئی
خیال رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آنے کے بعد صوبہ سندھ میں مریضوں کی تعداد 3 ہو گئی تھی۔ کرونا وائرس کے نئے مریض کی عمر 69 سال اور اس کا تعلق ڈسٹرکٹ شرقی سے ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا چھٹا مریض سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال نہیں کہ کہہ دیں سکول بند کر دیئے جائیں، تاہم صوبائی حکومتیں اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق، صوبے اور تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ ہیں۔ انہوں نے ملک میں کرونا وائرس کے ڈھائی سو مریضوں کی اطلاعات کی تردید کی اور کہا کہ پریشان نہ ہوں۔ مشیر صحت کا کہنا تھا کہ ووہان میں ایک ہزار 94 پاکستانی طلبا موجود ہیں، چین سے اجازت ملتے ہی ان طلبہ کی وطن واپسی یقینی ہوگی۔
ادھر کرونا وائرس کے دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز جبکہ مرنے والوں کی تعداد تینتیس سو سے زیادہ ہو گئی ہے۔ ایران میں مزید 17 شہری وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں جس کے بعد وہاں مرنے والوں کی تعداد 124 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار 747 ہے۔
امریکا کی بیس ریاستوں میں وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 231 تک پہنچ چکی ہے۔ ویٹی کن سٹی اور پیرو میں بھی کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آ گیا ہے۔
روس میں چھ مزید افراد میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ مصر میں بارہ اور سنگاپور میں 13 نئے مریض سامنے آ گئے ہیں۔ یونان میں کرونا کے 14 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ان کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔ بیلجئم میں ایک روز میں 59 شہریوں میں وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ مریض 109 ہو گئے جبکہ بھارت میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 31 ہو گئی۔
فرانس کے نیشنل اسمبلی کے رکن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ قومی اسمبلی کے کیفے میں بھی دو ملازمیں میں وائرس پایا گیا۔ وائرس کی روک تھام کے لئے جاپان کی جانب سے جنوبی کوریا کے شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی پر دونوں ملکوں میں محاذ آرائی شروع ہو گئی ہے۔ سیول نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے جاپانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیئے ہیں۔