لاہور: (ویب ڈیسک) نجی ٹیلی وژن چینل نے مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کیساتھ دوبارہ معاہدے کیلئے ان پر شرط رکھی ہے کہ وہ اپنے غیر مہذب بیان پر معافی مانگیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نجی ٹیلی وژن انتظامیہ نے لکھا کہ خلیل الرحمان قمر کیساتھ چار ڈرامہ سیریل اور ایک فلم لکھنے کا کانٹریکٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ جب تک وہ اپنے غیر مہذب بیان پر معافی نہیں مانگتے اس معاہدے کی توثیق نہیں کی جائے گی۔
نجی ٹیلی وژن انتظامیہ نے کہا ہے کہ ہر کسی کو آزادی اظہار رائے کا حق ہے لیکن اس میں دوسروں کی عزت نفس کا احساس اور خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیل الرحمان قمر نے ناصرف خاتون کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی بلکہ وہ اس پر اپنی غلطی ماننے اور معافی مانگنے سے بھی انکاری ہیں۔ اگر وہ اپنے رویے پر قائم رہے تو ان کیساتھ کیا گیا معاہدہ معطل ہی رہے گا۔
ادھر دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ماروی سرمد نے کہا ہے کہ خلیل الرحمان قمر نے نازیبا الفاظ استعمال کیے، انھیں اس پر معافی مانگنا چاہیے۔ برداشت ختم ہونے پر میں نے انہیں شٹ اپ کہا تھا۔