کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بڑا فیصلہ، بینکوں کے درمیان آن لائن ٹرانسیکشن فیس ختم

Last Updated On 18 March,2020 05:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بینکوں کے درمیان آن لائن ٹرانسیکشن فیس ختم کر دی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام چالان اور فیس کو ڈیجیٹل وصول کرنے کے اقدامات لیے جائیں۔ تمام بائیو میٹرک تصدیق غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ تمام بینکوں کو آن لائن ٹرانسیکشن کے فروغ کے لیے اقدام اٹھانے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ایس بی پی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بینک برانچز میں کسٹمرز کی آمدورفت کو کم سے کم کیا جائے۔

مرکزی بینک نے کہا ہے کہ آن لائن ٹرانسیکشن کے فروغ کے لیے میڈیا پر مہم چلائی جائے جبکہ آن لائن فراڈ سے بچنے کے لیے بینک متعلقہ عملے اور سسٹم کو متحرک کریں۔