کراچی: (دنیا نیوز) کرونا کے باعث مشکلات کو دیکھتے ہوئے سٹیٹ بینک نے ایکسپورٹرز کو ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے، قرض کی واپسی کے لیے چھ ماہ کی چھوٹ، تاخیر سے ادائیگی پر جرمانہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا کے باعث ایکسپورٹرز کو ریلیف دینے کی خاطر سٹیٹ بینک نے قرضوں کے حوالے سے نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
جنوری تا جون 2020 کے درمیان ہوئے ایکسپورٹ آرڈرز کے لیے قرض کی ادائیگی کے لیے 6 ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔ یکم جنوری سے 20 مارچ تک ایکسپورٹ ری فنانس کے آرڈرز کی شپمٹ نہ ہونے پر جرمانہ ختم کردیا گیا ہے، تاخیر سے ہوئی شپمنٹ پر وصول کیا ہوا جرمانہ ریفنڈ بھی کیا جائے گا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ایکسپورٹ فنانس سکیم کے تحت قرض لینے والوں کے لیے آسانیاں کی گئی ہیں قرض کی سہولت لینے کے لیے ایکسپورٹرز کو دو کے بجائے 1٫5 گنا برآمدات میں اضافہ دکھانا ہوگا جبکہ ایکسپورٹرز کو اپنی کارکردگی کا ہدف پورا کرنے کے لئے چھ ماہ کی رعایت بھی دی گئی ہے۔
ایکسپورٹرز کے لیے ای ایف اور ای ای اسٹیٹمنٹ جمع کرانے کی تاریخ میں 31 جنوری 2021ء تک توسیع کردی گئی ہے۔ ایل ٹی ایف ایف کے تحت قرضہ حاصل کرنے کا اہل ہونے کے لیے محموعی فروخت میں 50 فیصد کے بجائے 40 فیصد ایکسپورٹ دکھانی ہو گی۔