لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ کے بعد 100 انڈیکس 86 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر سمیت پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کی تعداد کے بعد سرمایہ کاروں پر غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی ہے، جس کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں شیئرز کی فروخت کا رجحان رہا، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس میں 250 پوائنٹس سے سے زائد کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری کے باعث کچھ ریکوری ہوگئی اور 100 انڈیکس 86 پوائنٹس کمی کے بعد 28 ہزار 23 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.31 فیصد گراوٹ دیکھی جبکہ 12 کروڑ 76 لاکھ 45 ہزار 166 شیئرز کا لین دین ہوا۔
دوسری جانب خام تیل کی قیمت 17 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی، امریکی تیل کی قیمت میں 5.2 فیصد کی کمی ہوئی جو 20 ڈالر 39 سینٹ فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 6.6 فیصد کمی ہوئی اور 23 ڈالر 29 سینٹ پر ٹریڈ ہوا۔