نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی فیڈرل ریزرو کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب امریکی معیشت پر بہت برا اثر پڑا ہے اور اس سے بھی بدترین وقت ابھی اس کا منتظر ہے۔6 ہفتوں میں 3 کروڑ امریکی بیروزگار ہوئے ہیں۔
گزشتہ ایک عشرے کے دوران امریکا کی مجموعی پیداوار میں سب زیادہ گرواٹ درج کی گئی ہے، امریکی فیڈرل ریزرو نے معاشی طور پر مزید برے وقت کے لیے متنبہ کیا ہے۔
امریکا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر سب سے بڑی معیشت کی ترقی 4.8 فیصد کی سالانہ شرح سے کم ہوتی جارہی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں امریکا میں 38 لاکھ افراد نے بیروگاری کی وجہ سے معاوضے کی درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ گزشتہ 6 ہفتوں میں 3 کروڑ امریکی بیروزگار ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: امریکا میں 10 سال کے دوران پیدا ہونے والی نوکریاں 4 ہفتوں میں ختم
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عوام پر گھروں تک محدود رہنے سے متعلق جو پابندیاں عائد ہیں وہ 30 اپریل جمعرات سے ختم کی جا رہی ہیں اور اس میں مزید توسیع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے پابندیاں گزشتہ 45 روز سے نافذ ہیں اور اس سے متعلق ریاستوں کو گائیڈ لائنزجاری کی جائیں گی تاکہ جو ریاستیں معیشتوں کو کھولنا چاہتی ہیں وہ ایسا کرنے کی مجاز ہوں۔