لاہور: (ویب ڈیسک) شرح سود میں کمی کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نظر آنے لگے، 100 انڈیکس میں 203.43 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 34 ہزار کی نفسیاتی حد ایک مرتبہ پھر بحال ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رحجان رہا، رواں ہفتے خبریں سامنے آئی تھیں کہ وفاقی حکومت ایک مرتبہ شرح سود میں ممکنہ طور پر کمی کرنے جا رہی ہے جس کے بعد سرمایہ کاروں نے ٹریڈنگ میں بھرپور دلچسپی لی۔ رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران حصص مارکیٹ میں تیزی کے باعث 34 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئیں ۔
آج کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، پہلے ہی گھنٹے کے دوران 88 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی، تیزی کا تسلسل آگے بڑھ کر چلتا رہا، تاہم سرمایہ کار شرح سود میں کمی کا انتظار کرتے رہے (واضح رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر دی ہے جس کے بعد شرح 19 ماہ کی کم ترین سطح 8 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔)
ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 34041.44 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 203.43 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34008.33 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.6 فیصد بہتری دیکھی گئی جبکہ 12 کروڑ 22 لاکھ 59 ہزار 585 شیئرز کا لین دین ہوا۔