اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں چینی بحران پھر سر اٹھانے لگا، مارکیٹ کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز سے بھی چینی غائب ہو گئی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کی چودہ ہزارٹن چینی ابھی بھی جہانگیرترین کی شوگر ملز کے پاس ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز سے چینی غائب ہونے پر شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں، ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے بھی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت چینی کی قلت کا سامنا ہے، دستیابی یقینی بنانے کے لیے مختلف کمپنیوں کیساتھ معاہدے کیے جا رہے ہیں، امید ہے آئندہ ہفتے تک یوٹیلٹی اسٹورز پر فراہمی شروع ہوجائے گی۔
ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی 14 ہزارٹن چینی جہانگیرترین کی شوگرملز کے پاس ہے جوجلد اٹھانا شروع کی جائے گی۔ مستقبل میں چینی کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے شوگر ملز کے ساتھ نئے معاہدے بھی کیے جا رہے ہیں۔