اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیپرا نے کہا ہے نیپرا اتھارٹی کراچی کا دورہ کریگی، معاملے پر فیصلہ جلد کیا جائے گا، وفاق سے زیادہ بجلی دلواسکتے ہیں مگر کے الیکٹرک ترسیل نہیں کر سکتی۔
کراچی میں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے نیپرا میں سماعت ہوئی۔ چیئرمین نیپرا نے کہا لوڈ شیڈنگ سے متعلق تمام تجاویز اور حقائق کا جائزہ لیں گے، لوڈشیڈنگ ختم ہونے تک پیک اور آف پیک ٹیرف ختم کر دیا جانا چاہیے، کے الیکٹرک اقدامات کی سمری نیپرا کو فراہم کرے۔
سی ای او کے الیکٹرک کا کہنا تھا 400 ملین ڈالر سے زائد فنڈز سے بجلی کے ترسیلی نظام پر کام ہو رہا ہے، 30 سے 40 فیڈر مرمتی کام کی وجہ سے بند رہتے ہیں۔ جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کے الیکٹرک حکام آج یہ بات بتا رہے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ہوتی رہتی ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا وفاق سے آپ کو زیادہ بجلی دلواسکتے ہیں مگر آپ ترسیل نہیں کرسکتے، اس بات کی ذمہ داری کس پر ڈالیں کہ آپ بجلی ترسیل نہیں کرسکتے۔ جس پر سی ای او کے الیکٹرک نے جواب دیا کہ اس بات کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر ڈالی جائے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا عوامی تاثر ہے کہ پیک ٹیرف میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہوتی ہے، جب تک حالات معمول پر نہیں آتے ٹیرف یکساں ہو جانا چاہیے۔ حکام کے الیکٹرک نے کہا نیپرا ٹیرف کے حوالے سے آف پیک ٹیرف کو بڑھا سکتی ہے۔