لاہور: (ویب ڈیسک) رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر اُتار چڑھاؤ کے بعد 100 انڈیکس میں 104.30 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران سے زبردست تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے، تاہم رواں ہفتے کے دوران عدالتی فیصلے کے بعد گزشتہ دو روز کے دوران سرمایہ کار محتاط انداز میں ٹریڈنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔
رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھنے کو ملی تھی اور انڈیکس میں 319 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس انڈیکس 37650.57 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد انڈیکس میں 49.74 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس 37700.31 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔
رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا ایک موقع پر انڈیکس دوپہر بارہ بجے تک اڑھائی سو پوائنٹس بڑھ گیا تھا تاہم اس دوران سرمایہ کاروں کی طرف سے ٹریڈنگ کے دوران ہاتھ روکا تو انڈیکس میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے تھے۔
دوپہر دو بجے تک پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 89.81 پوائنٹس کی مندی کے بعد 31610.5 پوائنٹس کی سطح پہنچ گیا تھا۔
کاروبار کے دوران انڈیکس میں تیزی کے بعد 37986.37 پوائنٹس کی بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی جبکہ مندی کے باعث انڈیکس 37552.07 پوائنٹس کو بھی چھو گیا تھا۔
تاہم کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 104.30 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، تیزی کے باعث 37800 کی حد بحال ہو گئی ہے اور انڈیکس 37 ہزار 804.61 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران 0.28 فیصد کاروبار ہوا، جبکہ 25 کروڑ 74 لاکھ 54 ہزار 645 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ سرمایہ کاروں کو بیس ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔