راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے حال ہی میں پاکستان میں تعینات ہونے والی قطری سفیر نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن الرحمن کی ملاقات ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آرمی چیف نے قطر کے سفیر کو عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے دوران قطری سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران قطری سفیر شیخ سعود بن الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات کے مزید فروغ کے لیے اقدامات کروں گا۔
قطری سفیر کیساتھ ملاقات کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ آپ کی قیادت میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئیگی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی اٹلی کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش
یاد رہے کہ اس سے قبل 17 جولائی کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اٹلی کو کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں متعین اٹلی کے سفیر آندریس فریریس نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی علاقائی سیکیورٹی اور باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے اٹلی کے سفیر کو کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
اٹلی کے سفیر آندریس فریریس نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ پاکستان کی میڈیکل اعانت کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی عراق کو سلامتی اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش
یاد رہے کہ 15 جولائی کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عراق کی سلامتی اور ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات عراق کے سفیر حامد عباس نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں باہمی دلچسپی، بشمول علاقائی سلامتی کے امور اور کوویڈ 19 بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عراق کیساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ نے کہا کہ عراق کی ترقی اور سیکیورٹی سے متعلق ہر ممکن تعاون کرینگے۔ عراقی سفیر نے خطے میں امن وامان کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔