سگی ماں پر تشدد کرنے والے شخص نے اعتراف جرم کر لیا، معافی کا طلبگار

Last Updated On 23 July,2020 03:29 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) اپنی سگی ماں پر تشدد کرنے والے بدبخت ملزم ارسلان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی والدہ، پورے پاکستان اور دنیا بھر کی ماؤں سے شرمندہ اور معافی چاہتا ہوں۔

ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ میں شرمندہ بھی ہوں اور معافی مانگتا ہوں کہ میں نے ایک زیادتی کی، مجھے اللہ پاک معاف کرے۔ میں اپنی والدہ سے خاص طور پر معافی مانگتا ہوں۔

خیال رہے راولپنڈی کے ارسلان نامی شخص نے اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر اپنی والدہ پر تشدد کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ دونوں ملزموں کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یہ واقعہ راولپنڈی کے علاقے تھانہ صادق آباد کی حدود میں پیش آیا تھا۔ بعد ازاں اس بدبخت نے اپنی اہلیہ سمیت عبوری ضمانت کروا لی تھی تاہم عدالت نے ملزمان کو پولیس کی تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

ارسلان نامی اس شخص نے اپنی اہلیہ کیساتھ ایڈیشنل سیشن جج مرزا شاہد بیگ کی عدالت سے ضمانت کروائی، جس کی روبکار پولیس کو موصول ہو گئی ہے۔

عدالت نے ملزمان کو 6 اگست تک گرفتار نہ کرنے اور مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ ملزم ارسلان اور اس کی اہلیہ بسمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی ہے۔

ملزم ارسلان اور اس کی اہلیہ کے خلاف والدہ پر تشدد کی فوٹیج وائرل ہونے کے بعد گزشتہ روز پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماں پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماں جیسی ہستی پر تشدد کرنیوالے کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔
 

Advertisement