کراچی: (دنیا نیوز) تین ماہ میں عالمی سطح پر معیشت کو 5 ہزار 800 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے کورونا سے ممکنہ معاشی نقصان پر رپورٹ جاری کر دی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق کورونا وائرس کے سبب تین ماہ میں 5 ہزار 800 ارب ڈالر کے نقصان کا اندیشہ ہے، اگر یہی حالات چھ ماہ تک رہے تو نقصانات 8 ہزار 800 ارب ڈالر تک پہنچ سکتے ہیں جس کے باعث عالمی سطح پر معاشی ترقی کی شرح 9 اعشاریہ 7 فیصد تک متاثر ہوسکتی ہے۔عالمی معاشی سرگرمیاں متاثر ہونے میں ایشیا کا حصہ 30 فیصد ہوگا۔
اے ڈی بی کے مطابق عالمی سطح پر پیداوار 1700 ارب ڈالر سے 2500 ارب ڈالر تک متاثرہوسکتی ہے جبکہ عالمی سطح پر 15 سے 24 کروڑ افراد روزگار سے ہاتھ دھو سکتے ہیں جبکہ صرف ایشیا میں 10 سے 16 کروڑ افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر حالات یہی رہے تو چھ ماہ میں 5 کروڑ سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلیں جائیں گے۔ ان حالات میں عام آدمی اور صنعتکاروں کو حکومت کی مدد کی اشد ضرورت ہو گی۔