خیبر پختونخوا: عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے 3 ارب روپے سبسڈی کی منظوری

Published On 24 August,2020 03:44 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کابینہ نے گندم کی درآمد اورعوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے 3 ارب روپے سبسڈی کی منظوری دیدی، وفاقی حکومت کے ذریعے فوری ڈیڑھ لاکھ ٹن درآمد کی منظوری بھی دے دی گئی۔

خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں مزید گندم امپورٹ کرنے اور تمام آپشنز کھلے رکھنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ وفاقی حکومت کے ذریعے فوری ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دی گئی، ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم درآمد پر8.510 بلین روپے لاگت آئے گی۔

اجلاس میں گندم کی خریداری کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی جو گندم کی خریداری کے لیے ملکی و بین الاقوامی پرائیوٹ سیکٹرسے بات چیت کرے گی، کمیٹی میں صوبائی وزیرخوراک، وزیرخزانہ، وزیرتعلیم، سیکرٹری خوراک شامل ہیں۔
 

Advertisement