ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز پر بیشتر اشیائے خورونوش کی قلت ہے جبکہ دستیاب اشیا کا معیار ٹھیک نہیں۔ شہریوں کی اکثریت عام مارکیٹ سے مہنگے داموں اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔
ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز پر 51 مختلف اشیائے خورونوش کی فہرست اور ریٹ لسٹ آویزاں کی گئی ہے جن میں آٹا، چینی اور گھی سمیت بیشتر اشیا گزشتہ روز سے سٹوروں پر دستیاب ہی نہیں جبکہ مختلف دالوں کی بھی قلت ہے جن کی تلاش میں شہریوں کی اکثریت سٹوروں پر خوار ہو رہی ہے۔
سٹوروں پر دستیاب چند اشیائے خورنوش کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ کے برابر ہیں جن کے معیار کے حوالے سے یوٹیلٹی اسٹور پر صارفین کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں اس حوالے سے اسٹورز کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ مختلف اشیا کی کوالٹی بارے متعلقہ حکام کو اگاہ کر دیا ہے تاہم موجودہ صورتحال میں وئیر ہاوس میں بھی بیشتر اشیا دستیاب نہیں جس کیلئے صارفین کو مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی مختلف اشیا کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں جس کا شہریوں نے حکومت سے نوٹس لے کر صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔