اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت تجارت نے درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کیلئے نئی پانچ سالہ تجارتی پالیسی تیار کر لی جس پر عملدرآمد کے حوالے سے مانیٹرنگ کا نظام بھی بنایا جائے گا۔
درآمدات میں کمی اور برآمدات بڑھانے کے مشن میں سات روایتی اور گیارہ ڈویلپمنٹ سیکٹرزترجیحی برآمدی فہرست میں شامل ہیں۔ تجارتی پالیسی کے تحت 2025 تک برآمدات کو 37 ارب 36 کروڑ ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی طلب کو دیکھتے ہوئے 18 سیکٹرز کو ترجیحی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ تجارتی پالیسی میں برآمدات کو عالمی منڈیوں میں مقابلے کے رجحان کا سامنا کرنے کے لیے بھی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔
نئی تجارتی پالیسی میں برآمدات کے فروغ کے لیے کاروباری لاگت اور ٹیرف میں کمی کی جائے گی اور برآمدات پر کسی قسم کی ڈیوٹی یا ٹیکس نہیں ہوگا۔ پالیسی میں ڈیوٹی ڈرا بیکس کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے لیے تجاویز دی گئی ہیں۔