لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران 339.69 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس ایک موقع پر 41147.05 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچا۔ تاہم غیر یقینی صورتحال کے باعث تیزی کی یہ سطح برقرار نہ رہ سکی
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 339.69 پوائنٹس کی مندی کے بعد 41 ہزار کی نفسیاتی حد سے محروم ہونے کے بعد 40731.61 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.83 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی اور 18 کروڑ 53 لاکھ 24 ہزار 168 شیئرز کا لین دین ہوا، سرمایہ کاروں کی طرف سے زیادہ تر شیئرز کو فروخت کرنے کی ترجیح دی گئی۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 70 ارب روپے کے قریب کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔