اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیا پاکستان ہاؤسنگ ترقیاتی اتھارٹی کے تحت اعلان کردہ تعمیراتی شعبے کیلئے مراعاتی پیکیج کے تحت اب تک 348 افراد نے 157 ارب مالیت کا کالا دھن ظاہر کر کے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹریشن کے مراحل مکمل کر لئے، پاکستان میں اب تک 389 ہائوسنگ پراجیکٹس رجسٹرڈ کر لئے گئے ہیں۔
ایف بی آر کے اعلامیہ کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ ترقیاتی اتھارٹی نے عوام اور تعمیراتی صنعت سے وابستہ سرمایہ داروں کو ایک بار پھر یاد دہانی کر ائی ہے کہ وزیر اعظم کے بلڈرز اور ڈویلپرز کے لئے کنسٹرکشن پیکیج میں نمایاں کامیابی حاصل ہو رہی ہے، یہ کنسٹرکشن پیکیج لینڈ بلڈرز اور ڈویلپرز پر لاگو ہوتا ہے اور اس کے دائر ہ کار میں نئے اور موجودہ صنعتی و ترقیاتی پراجیکٹس دونوں آتے ہیں، بلڈرز اور ڈویلپرز رہائشی اور کمرشل تعمیرات پر ٹیکس کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں یہ فوائد افراد ایسوسی ایشن آف پرسنز اور کمپنیوں کو بھی حاصل ہیں، اس پیکیج کے تحت بلڈرز اور ڈویلپرز کے لئے ہر مربع فٹ اور مربع گز پر فکسڈ ٹیکس کی شرح کا اطلاق ہوگا۔
پیکیج کے تحت کم لاگت ہائوسنگ پراجیکٹس کی صورت میں ٹیکس میں 90 فیصد کمی ہو گی، کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز کی سہولت کے لئے منافع سے آمدن پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہو گا، پیکیج کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی خاطر خواہ چھوٹ دی گئی ہے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے بلڈرز ،ڈویلپرز اور جائیداد کے خریداروں کے لئے شرائط کی تکمیل پر سرمایہ کاری کی آمدن پر کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی، پیکیج سے مستفید ہونے کا نہایت آسان طریقہ ہے بلڈرز اور ڈویلپرز کو 31 دسمبر 2020 تک ایف بی آر کے آئرس سافٹ وئیر پر رجسٹر ہونا پڑے گا، بلڈرز اور ڈویلپرز کو پراجیکٹ کی تکمیل کو 30 ستمبر 2022 تک یقینی بنانا ہوگا ، رجسٹریشن کے لئے بینک اکائونٹ، ملکیتی کاغذات اور منظور شدہ پلان کی تفصیلات درکار ہوں گی۔
ایف بی آر کا سسٹم عارضی رجسٹریشن کی سہولت بھی دے رہا ہے اس صورت میں جب پراجیکٹس پلان کی منظوری پراسیس میں ہو، بلڈرز، ڈویلپرز اور خریداروں کی سہولت کے لئے آن لائن سپورٹ فراہم کی جار ہی ہے۔ ایف بی آر کی ویب سائٹ پر نمایاں بینرز اور ویب پیج تشکیل دیا گیا ہے، سوالات کے جوابات کے لئے مخصوص ای میل ایڈریس ہے، رجسٹریشن سے متعلق مکمل رہنمائی اپلوڈ کی گئی ہے۔