ملک میں کورونا کا پھیلاؤ، وزیراعظم کا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے پر زور

Published On 03 December,2020 09:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور صوبائی وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیرِاعظم کو ملک میں کورونا کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کی وجہ سے وبا کی پہلی لہر پر قابو پا لیا گیا تھا، مگر موجودہ بے احتیاطی، خاص طور پر زیادہ لوگوں کا ایک جگہ اکٹھا ہونا وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیرِاعظم کو پنجاب میں صحت کے شعبے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ کورونا وبا کے تیزی سے پھیلاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

 

Advertisement