اسلام آباد: (دنیا نیوز) اوگرا نے کے الیکڑک کے 900 میگاواٹ کے پاورپلانٹ کو گیس کی فراہمی کے لیے پائپ لائن کی تعمیر اور گیس کی ترسیل کالائسنس جاری کردیاہے اوگرا نے اس حوالے سے باقاعدہ فیصلہ جاری کردیا۔
اوگرا نے درآمدی ایل این جی سے چلنے والے 900 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کے لیے گیس پائپ لائن کی تعمیر اور ترسیل کی اجازت دے دی ہے، کے الیکڑک کودئیے جانے والے لائسنس کی میعاد 25 سال ہوگی جس میں بعد میں ترمیم بھی کی جاسکتی ہے۔
کے الیکڑک کو اپنے استعمال کے لیے گیس کی ترسیل پرقدرتی گیس رولز 2002 کے تحت سالانہ فیس ادانہیں کرناہوگی، لائسنس کے اجراٗء کے بعد 14 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو بن قاسم مین سوئی سدرن کے ٹائی ان پوائنٹ سے منسلک کیاجائے گا۔
ترجمان کے الیکڑک کے مطابق متعلقہ گیس پائپ لائن کی تنصیب سے آئندہ سالوں میں بجلی کی بڑھتی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، ابتدائی مرحلے میں رواں سال 450 میگاواٹ جبکہ دوسرا یونٹ سال کے آخر تک سسٹم میں شامل ہوجائے گا۔