سٹاک مارکیٹ: غیر یقینی صورتحال کے باعث 116.42 پوائنٹس کی مندی

Published On 22 January,2021 05:04 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث 116.42 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مانیٹری پالیسی کے اعلان سے قبل پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، آج کاروبار کے دوران ایک موقع پر ایک مرتبہ پھر 46 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔ تاہم سرمایہ کار مانیٹری پالیسی کے اعلان کے باعث دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن رہے اور ٹریڈنگ کے دوران ہاتھ روکے رکھا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 116.42 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 45868.04 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران 0.25 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 23 کروڑ 45 لاکھ 246 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔