سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی، انڈیکس 1008.32 پوائنٹس بڑھ گیا

Published On 12 March,2021 04:57 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلسل چار روز زبردست مندی میں جانے والی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر زبردست تیزی کی واپسی ہوئی، 100 انڈیکس 1008.32 پوائنٹس بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں چیئر مین سینیٹ الیکشن کے حوالے سے غیر یقینی سیاسی حالات چھٹنے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، کاروبار کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا اور صبح دس بجے تک 263.54 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی اور 43 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی تھی۔

دوپہر بارہ بجے تک تیزی کا تسلسل 638.13 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا جبکہ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں ایک موقع پر انڈیکس میں 1100 سے زائد پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انڈیکس 1000.32 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 43788.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.36 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 16 کروڑ 94 لاکھ 40 ہزار 423 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 190 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ چیئر مین سینیٹ کے الیکشن میں ماحول کی بہتری کے ساتھ ساتھ ملک کو مسلسل نویں مہینے کے دوران ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہونے کی خبروں نے بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بہتری نظر آئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر آنے کے باوجود پاکستان سٹاک مارکیٹ بہتر پرفارم کر رہی ہے، کیونکہ ابھی تک ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی کوئی خبریں نہیں ہیں۔ اگر حکومت لاک ڈاؤن نافذ کر دیتی ہے تو خدشہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر مندی دیکھنے کو ملی، حالانکہ لاک ڈاؤن لگانے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
 

Advertisement