اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ سات ووٹ مسترد ہونے پر واویلا بے بنیاد ہے، نون لیگ نے پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی نے مولانا کو چھرا گھونپا، سینیٹ الیکشن سے واضح ہوگیا یہ پارٹیاں مل کر نہیں چل سکتیں، اوپن بیلٹ کی بات مان لیتے تو ان کا ہی فائدہ ہوتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اوپن ووٹنگ کیلئے ہم عدالت گئے، آرڈیننس بھی لائے، جس نے مخالفت کرنی ہے کھل کر کرے، وزیراعظم نے کہا تھا اوپن ووٹنگ کی بات مان لیں، اب رو رہے ہیں، پی ڈی ایم کے اتحاد میں ان کے مفادات ایک دوسرے سے متصادم ہیں، پی ڈی ایم کو نا کامی اور حق کی فتح ہوگی، جو ووٹ بیچتے اور خریدتے ہیں ہماری سب پر نظر ہوتی ہے، پی ٹی آئی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بڑی جماعت بن کر ابھری۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملک میں استحکام آگیا، کسی کے لانگ مارچ سے کچھ فرق نہیں پڑتا، ہم انہیں ایک گملہ بھی نہیں توڑنے دیں گے، لانگ مارچ میں بھی اپوزیشن کو ناکامی ہوگی، ان کو عوام نے مسترد کر دیا، پی ڈی ایم قصہ پارینہ بن چکی، اس کی تدفین ہوچکی۔