لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیاکی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر ایک فوٹیج پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلام آباد کی سڑک پر ایک موٹر سائیکل ، جس پر دو افراد سوار ہیں، پر جنگلی بلی حملہ کر رہی ہے، یہی دعویٰ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی کیا جا رہا ہے، یہاں بتاتے چلیں یہ دعویٰ جعلی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک پر 25 فروری 2021ء کو ایک ویڈیو شیئر کی گئی، جسے اب تک 3500 سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
اس پوسٹ پر اردو تحریر کی گئی ہے جس میں لکھا ہے کہ اسلام آباد میں رات کے وقت دامن کوہ کی طرف سفر کرنے سے احتیاط کریں، خاص طور پر موٹر سائیکل پر اور خاص کر جب آپ کے ساتھ فیملی ہو۔ اس فوٹیج کو ایک گمنام کار سوار نے بنایا ہے۔
شہری کی طرف سے شیئر کی گئی پوسٹ میں اُردو میں تحریر کیا گیا ہے کہ اپنی گاڑیوں کی لائٹیں مت جلائیں اور انجن کو بند نہ کریں۔
شہری کی طرف سے شیئر کی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلی بلی موٹر سائیکل پر سوار دو افراد پر حملہ کر رہی ہے، جس سے دونوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور دونوں بچ گئے۔ اس کا سکرین شارٹ نیچے دکھایا گیا ہے۔اور یہ فیس بک اور ٹویٹر پر ہزاروں مرتبہ شیئر کی گئی ہے، یہاں بتاتے چلیں یہ فوٹیج جعلی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق اس سے ملتا جلتا ایک ویڈیو تحقیق کے دوران ملی تو پتہ چلی کہ یہ ویڈیو 2016ء کی ہے اور ویڈیو بھارتی علاقے کی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یہ ویڈیو 5 اکتوبر 2016ء کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی جسے اب تک 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
ویڈیو کا کیپشن میں لکھا ہے کہ ’ٹائیگر نیشنل ہائی وے پر ایک شخص پر حملہ کر رہا ہے، مکمل اور دھیان سے دیکھیں۔
دوسری طرف اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے بھی ان خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے مسترد کرتےہوئے کہا کہ یہ ویڈیو پاکستان کی نہیں ہے اور نہ ہی یہ واقعہ اسلام آباد میں پیش آیا۔