اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں اپوزیشن امیدواروں کی ناکامی کے بعد پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین کے درمیان رابطہ کیا ہے، جس میں حکومتی امیدوار کی کامیابی چیلنج کرنے اور حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نواز شریف اور آصف علی زرداری سے ٹیلی فون پر رابطے کیے جن میں چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے بعد کی صورتحال پر غور کے بعد صادق سنجرانی کی کامیابی کے خلاف تمام متعلقہ فورمز سے رجوع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قیادت نے سینیٹ الیکشن سے قبل ایوان اور پولنگ بوتھ سے خفیہ کیمرے اور ڈیوائسز برآمدگی کے معاملے پر بھی بات کی اور اس حوالے سے غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے گزشتہ روز حکومتی اتحاد کے امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی 54 ووٹ حاصل کر کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے امیدوار سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی 42 ووٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے مولانا عبدالغفور حیدری کو 44 ووٹ لیکر شکست ہوئی۔
ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ کے 100 ارکان میں سے 98 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ایک رکن اسحاق ڈار کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی جانب سے معطل ہے جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان غیر حاضر رہے۔