اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئر مین سینیٹ کے الیکشن کیلئے صادق سنجرانی نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کی ہیں، وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے بھی ملے
تفصیلات کے مطابق چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی بعد میں ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے ان کی رہائش گاہ پرجاکر ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر دفاع پرویزخٹک۔ امین الحق، خالد مگسی، منظور کاکڑ، کہدہ بابر شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور چیرمین سینٹ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صادق سنجرانی نے سینٹ انتخابات کے لئے حمایت مانگی۔ بعد ازاں صادق سنجرانی وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے ہمراہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی رہائش گاہ آئے اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی۔
اس موقع پر پرویز خٹک، خالد مگسی، منظور کاکڑ،کہدہ بابر، نصیب اللہ بازئی بھیان کے ہمراہ تھے۔ صادق سنجرانی نے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے چیرمین سینٹ انتخابات سے متعلق حمایت مانگ لی۔
دوسری طرف سنجرانی اور وزیر اعلی بلوچستان وزیراعظم کے چیمبر میں گئے اور وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد دی۔
قبل ازیں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے چئیرمین سینیٹ سے ان کے چمبرمیں ملاقات کی ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر شبلی فراز،زلفی بخاری،سنیٹر مرزا آفریدی سمیت دیگر شریک ہوئے ۔ملاقات میں اعتماد کا ووٹ اور چئیرمین سینیٹ کے انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔