عامر لیاقت نے قومی اسمبلی اجلاس میں خوبصورت نعت پڑھ کر سب کے دل جیت لیے

Published On 06 March,2021 06:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ لیا تو اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کراچی سے ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت نے خوبصورت نعت پڑھ کر سب کے دل جیت لیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ، عمران خان کو 178 ووٹ ملے، 2018میں عمران خان کو 176ووٹ ملے تھے۔

پارلیمنٹ کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کی زیرصدارت ہوا، اعتماد کے ووٹ کا طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین اسمبلی کو اظہار خیال کرنے کا موقع فراہم کیا سب سے پہلے کراچی سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کو اظہار خیال کا موقع دیا گیا، جنہوں نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

عامر لیاقت نے موقع کی مناسبت جانتے ہوئے تقریر کرنے کے بجائے ایوان میں نعتیہ کلام پیش کیا، جس کے باعث سماں بندھ گیا اور اراکین اسمبلی نے دل کھول کر عامر لیاقت کے کلام کی تعریف کی۔
 

Advertisement