اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں آج اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔ اس طرح عمران خان ملک کی سیاسی تاریخ میں دوسرے وزیر اعظم بنے ہیں جنہوں نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان نے دوسری مرتبہ اعتماد کا ووٹ لیا۔ 178 ارکان نے ان پر اعتماد کیا جبکہ اپوزیشن کا کوئی رکن اجلاس میں شریک نہ ہوا۔
وزیر اعظم عمران خان قومی اسمبلی میں ایک ہی مدت کے دوران دوسری مرتبہ اعتماد کا ووٹ حاصل کیا ہے۔
پارلیمانی ماہرین کے مطابق یہ ملکی پارلیمانی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے کہ اپنی ہی جماعت کے صدر مملکت نے محسوس کیا ہے کہ قائد ایوان اکثریت کھو چکے ہیں اور انھوں نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے کا حکم دیا ہے۔
اس سے قبل 18 اپریل 1993 کو سابق صدر غلام اسحاق خان نے اسمبلیاں توڑ دیں تھیں۔ جس کو سپریم کورٹ نے 26 مئی 1993 کی بحال کیا اور اگلے ہی دن قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔
اس اجلاس کے اختتام پر ایک قرار داد کے ذریعے وزیراعظم نواز شریف نے اعتماد کا ووٹ لیا۔ اس وقت ایوان کے 210 میں سے 123 ارکان نے نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔