اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا غفور حیدری کو ووٹ کم ملنے کی کہانی سامنے آگئی۔ غفور حیدری کو ٹکٹ دینے پر بلوچستان کی جماعتیں ناراض تھیں۔
ذرائع کے مطابق غفور حیدری کو ٹکٹ دینے پر سربراہی کمیٹی میں بھی اعتراضات اٹھائے گئے۔ پی ڈی ایم میں شامل چھوٹی جماعتیں بھی اپنا حصہ مانگ رہی تھیں۔ چھوٹی جماعتوں کا اعتراض تھا کہ ساری ٹکٹوں کی تقسیم تینوں جماعتیں آپس میں کر رہی ہیں۔ چھوٹی جماعتوں اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینٹرز کے تحفظات انتخاب میں مولانا غفور حیدری کو لے ڈوبے۔
یاد رہے گزشتہ روز حکومتی اتحاد کے امیدوار سینیٹر صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی 54 ووٹ حاصل کر کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے جبکہ چیئرمین سینیٹ کیلئے اپوزیشن کے امیدوار سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی 42 ووٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے مولانا عبدالغفور حیدری 44 ووٹ لیکر شکست ہوئی۔
ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ کے 100 ارکان میں سے 98 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، ایک رکن اسحاق ڈار کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی جانب سے معطل ہے جبکہ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان غیر حاضر رہے۔