لاہور: (ویب ڈیسک) سیاسی اُفق پر چھائی ہوئی غیر یقینی سیاسی صورتحال کے خاتمے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ ایک مرتبہ پھر تیزی کے ٹریک پر لوٹ آئی۔ انڈیکس 978.51 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 190 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ پورے ہفتے کے دوران سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث مندی چھائی ہوئی تھی، پہلے چار کاروباری روز کے دوران سٹاک مارکیٹ میں تین ہار سے زائد پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی تاہم کاروباری ہفتے کے آخری روز کے دوران تیزی 1 ہزار سے زائد پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی۔
رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران ایک مرتبہ پھر سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال چھٹنے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، کاروبار کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے تک انڈیکس میں 498 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی تھی۔ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 1080 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو گیا تھا۔
تاہم پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 978.51 پوائنٹس کی تیزی سے ہوا، بڑھوتری کے باعث انڈیکس کی 44 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 44766.59 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.23 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 23 کروڑ 96 لاکھ 11 ہزار 699 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 190 ارب روپے سے زائد کا فائدہ حاصل ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر شرح سود کے حوالے سے اچھی خبروں، آئی ایم ایف کی طرف سے ملنے والی قسط، ملکی مثبت معاشی اعشاریے، ریکارڈ ترسیلات زر اس وقت ٹریڈنگ پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے قوی امکان ہے کہ رواں ہفتے کے دوران تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملے گا۔