لاہور: (دنیا نیوز) لاہور عجائب گھر میں نامور مصوروں کے خواتین سے متعلق بنائے گئے فن پاروں کی نمائش نے رنگ جما دیا جن کو دیکھنے کیلئے شائقین کی بڑی تعداد رخ کرتی رہی۔
جب برش کسی اُستاد کے ہاتھ میں آتا ہے تو پھر کینوس پر ایسے ایسے رنگ اُبھرآتے ہیں کہ بے اختیار داد دینے کو جی چاہتا ہے، کچھ ایسا ہی عالم اِن دنوں لاہور عجائب گھر میں دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں نامور مصوروں کے بنائے فن پارے نمائش میں اپنا رنگ جما رہے ہیں۔
اُستاد اللہ بخش، عبدالرحمن چغتائی، صادقین اور امرتا شیرگل کے علاوہ متعدد دیگر نامور مصوروں کی رکھی گئی پینٹگز میں خواتین کی مختلف سرگرمیوں کو اُجاگر کیا گیا ہے جو اُن کی طرف سے خواتین کے لیے خراج تحسین بھی ہے۔
رنگوں کی یہ شاعری 31 مارچ تک صاحبان ذوق کی تسکین کا باعث بنی رہے گی۔