لاہور: (دنیا نیوز) شہباز گل نے کہا ہے کہ یہ اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی پھینک رہے ہیں، بوکھلائی اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، یہ کچھ بھی کرلیں موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹوں گا، ایک تھپڑ کے جواب میں دس تھپڑ نہیں ماریں گے، گالی کا جواب گالی سے نہیں دیں گے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو بتا دیں کہ میں کسی سے ڈرنے والا نہیں، گالی کا جواب گالی سے نہیں دیں گے، آپ کے کارکنوں کو سمجھائیں گے، خاندانی لوگ ہیں، ایسی حرکت کا جواب اس طرح نہیں دیں گے، مجھے عدالت بلائے گی تو ضرور آؤں گا، آپ کی طرح بہانے نہیں بناؤں گا، عدالتیں جب ان کو بلاتی ہیں تو ان کی کمر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ عدالت میں ایف آئی اے کی مصدقہ دستاویزات دیں، مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر میں نے مقدمہ درج کرایا، قانون اور عدالتوں کا ہر صورت احترام کریں گے۔
قبل ازیں شہباز گل پیشی کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے، جہاں لیگی کارکنان پہلے سے موجود تھے، اس دوران ان کی پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ دھکم پیل ہوئی جبکہ ایک خاتون سمیت لیگی کارکنان نے موقع پاتے ہی شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینک دی تاہم پولیس نے ان کو موقع سے گرفتار کر لیا۔