ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں تاجر برادری کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کو تیار نہیں جس کی وجہ سے نشتر ہسپتال میں کورونا کے شکار مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔
ملتان میں تاجروں نے شام چھے بجے دکانیں بند کرنے کے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا جبکہ سماجی فاصلے، ماسک پہننے کی ہدایات اور سینی ٹائزر کے استعمال کے حوالے سے بھی غیر سنجیدہ رویہ اپنایا ہوا ہے جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کو بھی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں مشکلات درپیش ہیں جس کی تاجروں کو کوئی پرواہ نہیں۔
بازاروں میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ ہونے سے نشتر ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور کورونا سے نشتر ہسپتال میں اب تک 473 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسی لیے موجودہ صورتحال میں ایس او پیز نظر انداز ہونے پر ڈاکٹر تنظیموں کو بھی تحفظات ہیں۔
محکمہ صحت نے کورونا کی ویکسینیشن کیلئے مختلف مقاما ت پر تین سنٹرز بھی قائم کر دئیے ہیں جہاں پر ڈاکٹروں، ہیلتھ ورکرز اور عمر رسیدہ افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔